پشاور (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ گزشتہ رات پشتون تحفظ موومنٹ کے کیمپ پر پولیس کاروائی وفاقی حکومت کے احکامات پر کی گئی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ نے چیف سیکرٹری کو پی ٹی ایم کے حوالے سے خط لکھا اور کہا کہ پی ٹی ایم ریاست مخالف بیانیہ اور نسلی منافرت میں ملوث ہے اس لئے انکے خلاف کاروائی کی جائے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھارہے ہیں، انہوں نے گزشتہ دنوں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین سے طویل ملاقات کی تھی جسمیں انکے مطالبات پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی، جس میں منظور پشتین نے اپنے مطالبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے منظور پشتین کو ضم آضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی یقین دہانی کرائی اور کہا تھا کہ صوبائی حکومت ضم آضلاع کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے جامع پلان پر کام کررہی ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی نے قبائلی علاقوں میں مختلف النوع ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں تاکہ قبائلی علاقوں میں معاشی سماجی ترقی ہو، ضم اضلاع میں قبائلی تنازعات کے حل کے لئے جرگے تشکیل دیے تاکہ تنازعات کا پُرامن حل نکالا جائے۔