اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے جلسے کی وجہ سے سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی آج جلسہ کرے گی ، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہوچکا ، ان کے اتحادی بھی جلسے میں شریک ہوں گے۔پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے اور اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کر دیا گیا۔
جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔
اس کے علاوہ ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیےگئے جبکہ مری روڈکو فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔
دوسری جانب روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بندکر دیا گیا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا اور راول پنڈی سے اسلام آباد جانے والے متعدد راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
حکام کی جانب سے میٹرو بس سروس مکمل کو بھی طور پر بند رکھا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جب کہ امنِ عامہ برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول پنڈی اسلام آباد کو ملانے والے متبادل راستے کھلے ہیں، شہریوں کو نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پیرودھائی سے گولڑہ موڑ اسلام آباد کا راستہ بھی کھلا ہے جب کہ ریڈ زون داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانےکی اجازت ہوگی۔
ادھر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے باڈر اٹک خورد پولیس چیک پوسٹ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے جس کے بعد وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ حکومت جلسے سے پہلے این او سی منسوخ کرنے کی کوشش کرے گی، ہمیں خدشہ ہے کہ انتظامیہ جلسے کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گی مگر این او سی منسوخ ہوا بھی تو جلسہ ہوگا۔
اسلام آباد میں آنے ہونے والے جلسے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے کارکنوں کو اہم ہدایات جاری کر دیں۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج اسلام آباد کے نواحی علاقے سنگجانی میں جلسہ کیا جا رہا ہے جس کے لیے ملک کے مختلف شہروں سے کارکنوں کی آمد کا سلسلسہ جاری ہے۔جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سڑکوں کو جگہ جگہ کنٹینٹر لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت سے جلسے کی اجازت کے لیے ملنے والی این او سی پر سختی سے عمل درآمد کا کہا گیا ہے۔
پی ٹی آئی قیادت نے کارکنوں کو کسی بھی صورتحال میں اسلحے کا استعمال نہ کرنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
قیادت کی جانب سے مقامی عہدیداروں کو قافلے میں شامل لوگوں پر کڑی نظر رکھنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مشکوک شخص نظر آئے تو فوری طور پر اسے پکڑا جائے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ جلسے میں کسی قسم کی بدامنی نہیں ہونی چاہیے، یوتھ ونگ ماسک، نمک اور شیلنگ سے بچاؤ کے دیگر آلات اپنے ساتھ رکھیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ راستے میں آنے والی رکاوٹیں ہٹانے کے لیے قافلوں میں کرینز، واٹر کیننز اور دیگر مشینری بھی شامل ہو گی۔