(ویب ڈیسک): لاہور: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کا نائب کپتان ہوں بھاگنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت شاہ محمود قریشی روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ جب مقدمات درج کیے گئے تب بھی پنجاب میں بھی نہیں تھا، مجھے ایک سال دو ماہ بعد گرفتار کیا گیا، جب میں رہا ہوا تو 9 مئی مقدمات میں گرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا میں نائب کپتان ہوں، میں بھاگنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، یہ لوگ ڈرتے ہیں اگر میں باہر آ گیا تو لوگ اکٹھےہوں گے۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ 40 سال سے سیاست میں ہوں آج تک کوئی مقدمہ نہ ہوا، اب اچانک 55 مقدمات درج ہوگئے، یہ لوگ دلائل کیوں نہیں دے رہے، یہ جان بوجھ کر التوا چاہتے ہیں، اگر ہم گناہ گار ہیں تو ہمیں سزا دیں، یہ قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں، ہمیں عدالتوں پر بڑا اعتماد ہے۔