ملتان (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔ میپکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ہم نئے بورڈز کے ذریعے کمپنی میں صارف کو بہتر عزت دیں گے، عام آدمی بھی ہمارے سسٹم میں کسی کام کےلیے کال کرے گا تو اسے جلد رسپانس ملے گا۔وزیر توانائی نے کہا کہ ڈسکوز کو اختیار ہوگا کہ چاہے کسی کو رکھیں یا نکالیں، ہمیں رزلٹ چاہیے جب کہ پنجاب حکومت کے دیے گئے ریلیف پر بجلی کمپنیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایک یونٹ کی غلطی بھی قابل برداشت نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی چوری ریاست اور عوام کےلیے برداشت کے قابل نہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ اس سال چوری کے نقصانات کم ہوں، میپکو ریجن میں 15.6 فیصد بجلی چوری ہے اسے ختم کرنا ہدف ہے، بجلی چوری ختم کرنے پر کمپنیوں کو فری ہینڈ دیں گے۔
اویس لغاری نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 45 ارب روپے سے 200 سے 500 یونٹ صارفین کو ریلیف دیا ہے جسے عوام تک پہنچائیں گے، شرح سود کم اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے، اس کا کیپسٹی پیمنٹ پر فرق پڑے گا جس سے ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آئے گی۔
وفاقی وزیر برائے توانائی نے مزید کہا کہ بجلی صارفین کو پری پیڈ میٹرز مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔