نیو دہلی (اسپورٹس ڈیسک): بھارتی اوپنر شیکھر دھون کی جانب سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا گیا۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے کہا کہ کرکٹ چھوڑتے وقت یہ سکون ہے کہ ملک کے لیے کھیلنے کی خواہش پوری ہوئی ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ 38 سالہ شیکھر دھون نے 34 ٹیسٹ، 167 ون ڈے اور 68 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رکھے ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں شیکھر دھون کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا افسوس نہیں ہے کہ میں اب بھارت کے لیے مزید نہیں کھیل سکوں گا، میرے لیے زیادہ خوشی کا سبب یہ ہے کہ میں نے اپنے ملک کے لیے کھیلا ہے، یہی میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج میں جہاں موجود ہوں، یہاں سے ماضی میں جھانکنے پر صرف یادیں ہیں اور مستقبل میں دیکھنے پر پوری دنیا ہے۔ میرا ہمیشہ سے ایک ہی جنون تھا کہ میں بھارت کے لیے کھیلتا اور میری یہ خواہش پوری ہوئی۔ انہوں نے اپنے کوچز، اہل خاندان، ٹیم اور بھارتی بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔