راولپنڈی (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے، 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ 9 مئی پر صرف انصاف چاہتے ہیں، میں صرف اور صرف پاکستان کے لیے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا، جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت میں موجود ریلو کٹے فوج کو ورغلاتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو ختم کردیں، القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا،شناخت نہیں بتاسکتا ورنہ ڈالا پہنچ جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہم نہیں مانیں گے۔
اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، جیل سے پیش گوئی کررہا ہوں کہ حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے، حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی، میرے پاس بہت وقت ہے ، ان کے پاس وقت ختم ہو رہا ہے۔