راولپنڈی(ویب ڈیسک): پاک فوج نے لیفٹیننٹ کرنل (ر) اکبر حسین کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے پر سزا سنادی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایک ریٹائرڈ افسر لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین کا فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا تھا، لیفٹیننٹ کرنل اکبر حسین کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سزا سنائی گئی، اکبر حسین کو 10 مئی 2024 کو 14 سال کی سخت قید کی سزا سنائی گئی تھی، مجاز عدالت نے مناسب عدالتی عمل کے ذریعے اکبر حسین کو ‘مجرم’ قرار دیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سزا کے مطابق افسر کا رینک 26 جولائی 2024 کو ضبط کرلیا گیا ہے جب کہ سابق میجر عادل فاروق راجہ اور سابق کیپٹن حیدر رضا مہدی کا بھی کورٹ مارشل کیا گیا، دونوں کو آرمی ایکٹ کے تحت فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سزا سنائی گئی، عادل راجہ کو 14 اور حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عادل راجہ اور حیدر رضا مہدی دونوں کا عہدہ بھی ضبط کیا گیا تھا، دونوں پر سزا کا اطلاق 21 نومبر 2023 سے ہوا تھا، دونوں کو ریاست کے تحفظ اور مفاد کے خلاف کام کرنے پر سزا سنائی گئی تھی۔