ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ اداکار دلیپ کمار کے ممبئی میں واقع عالیشان بنگلے کو پرتعیش کمپلیکس میں تبدیل کیے جانے کے بعد 172 کروڑ بھارتی روپوں میں فروخت کردیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیپ کمار نے 1953 میں عبدالطیف کے نام سے یہ عالیشان جائیداد خریدی تھی، 1966 میں دلیپ کمار سائرہ بانو سے شادی کے بعد مبینہ طور پر پالی ہل کے بنگلے کو چھوڑ کر سائرہ بانو کے گھر شفٹ ہوگئے تھے۔
دلیپ کمار کے بنگلے کیلئے ری ڈیولپمنٹ کا معاہدہ اداکار اور عشر گروپ کے درمیان 2016 میں طے پایا تھا جس کے تحت بنگلے کو گرا کر اس جگہ لگژری رہائشی عمارت بنانے کا معاہدہ کیا گیا تھا۔
بعد ازاں بنگلے کیلئے ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا آغاز ’ دی لیجنڈ ‘ کے نام سے 2023 میں عشر گروپ کی جانب سےکیا گیا۔
یہ ٹرپلیکس اپارٹمنٹ عمارت کی نویں، دسویں اور گیارویں منزل پر پھیلا ہوا ہے جب کہ اپارٹمنٹ 9527 مربع فٹ پر محیط ہے، پرتعیش اپارٹمنٹ میں دلیپ کمار کی یاد میں ایک دسویں اور گیارہویں منزل پر رہائشی علاقہ اور ایک میوزیم ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالیشان جائیداد کو 1.62 لاکھ روپے فی مربع فٹ کے حساب سے فروخت کیا گیا ہے، بنگلے کی فروخت میں اسٹامپ ڈیوٹی 9.3 کروڑ روپے اور رجسٹریشن فیس 30 ہزار روپےمقرر کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایپکو انفراٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی نے اس پرتعیش کمپلیکس کو خریدا ہے جو باندرہ کے علاقے میں کسی بھی جائیداد کی اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔