لاہور (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بلآخر 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ نے منصوبہ سازی کا اعتراف کرلیا۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ زمان پارک دہشتگردوں کا تربیتی ہیڈ کوارٹر بنا رہا جہاں پیٹرول بم بنانے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی، 4 ماہ ٹانگ پرپلستر باندھنے کے ڈرامے کے دوران 9 مئی کی منصوبہ بندی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بلآخر 9 مئی کے ماسٹرمائنڈ نے منصوبہ بندی اور سہولت کاری کا اعتراف گناہ کرلیا، یہ جماعت نہیں بلکہ انتشاری ٹولہ ہے اور انتشاری ٹولے کا مقصد صرف شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ کیسا پر امن احتجاج تھا جس میں 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے، ائیرفورس کے طیاروں کو آگ لگائی گئی، کور کمانڈرز ہاؤس جلایا گیا اور شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی، اس جماعت نے پولیس کے سرپھاڑے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے، آئی ایم ایف کو خط لکھنا، سائفر لہرانے کی سازشیں، شہداکی یادگاروں کی بے حرمتی اس بڑی سازش کا حصہ ہیں، دوست ممالک کی قیادت کے خلاف بدزبانی کی گئی، اس جماعت نے اپنے دھرنے سےچینی صدر کا دورہ نہ ہونے دیا، اس جماعت نے 2014 میں پارلیمنٹ، پی ٹی وی اور وزیراعظم ہاؤس پر حملے کیے، سپریم کورٹ کی دیواروں پرگندے کپڑے دھوئے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شواہد اور ثبوتوں کی موجودگی میں آئین اور قانون پر عمل کیا جانا چاہیے، شرپسند اور انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے