کراچی (شوبز ڈیسک): سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے گھریلو تشدد پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ جس خاتون کا شوہر اس پر ہاتھ اٹھائے اسے چاہیے وہ ایسے شوہر کو چھوڑ دے۔اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے یوٹیوب چینل پر اینکر عائشہ جہانزیب سمیت خواتین پر شوہر کی جانب سے کیے گئے تشدد پر بات کرتے ہوئے ناراضی کا اظہار کیا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ تشدد جسمانی ہی نہیں ذہنی بھی ہوتا ہے جس میں کسی لڑکی کو ذہنی طور پر ٹارچر ، انزائٹی اور دباؤ کا شکار کیا جاتا ہے، ذہنی تشدد میں لڑکیاں اپنے عزیزاقارب سے کہہ بھی نہیں پاتیں۔
اداکارہ نے اپنی پہلی شادی کی مثال دیتے ہوئے کہ اگرچہ مجھ پر جسمانی تشدد نہیں کیا گیا لیکن اس کے باجود میں نے بھی اظہار کیلئے وقت لگایا لیکن آج کے دور میں جو لڑکیاں خود مختار ہیں، تعلیم یافتہ ہیں، ان کو مشورہ ہے کہ اگر وہ تشدد بھری زندگی سے نکل سکتی ہیں انہیں نکل جانا چاہیے۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھاکہ اگر کسی خاتون کے شوہر نے ایک مرتبہ اس کا بازو مروڑا ، چٹکی بھری تو ایسی خواتین کو سمجھ جانا چاہیے کہ ان کے شوہر کا ہاتھ اب کھل چکا ہے، ایسی خواتین جو اپنے لیے، اپنے بچوں کیلئے بچوں، عزت نفس کیلئے نکل سکتی ہیں تو انہیں نکل جانا چاہیے، مجھے ایسے والدین پر بھی غصہ ہے جو تشدد کے باوجود بھی بیٹیوں کو سمجھا بجھا کرگھر واپس بھیج دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر شوہروں کو بھی بیوی اچھی نہ لگے تو انہیں چاہیے کہ وہ انہیں چھوڑدیں لیکن قتل نہ کریں، نہ ہی ان پر تشدد کریں ، خواتین کو بھی چاہیے کہ ہر دو منٹ میں چھوٹے جھوٹے جھگڑوں میں گھر نہ چھوڑیں لیکن ساتھ ہی شوہر کو یہ بھی بتادیں کہ اگر تشدد کروگے تو گھر بھی چھوڑسکتی ہوں۔