(ویب ڈیسک): پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا حکومت تمام اتحادیوں سے بات چیت کرکے بجٹ بناتی۔کراچی میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بجٹ بناتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رائے شامل کی ہوتی تو ہم بہتر انداز میں آگے بڑھتے، مشکل وقت میں مل کر معیشت کو سنبھالنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی نیت صاف ہے، حکومت معاشی مسائل سے ملک کو نکالنے کی کوششیں کررہی ہے، امید ہے وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنی انا کیلئے ملک کو نقصان پہنچا رہی ہیں، ہم زور دیتے ہیں کہ مل کر پارلیمان کو مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو آج بھی گڑھی خدا بخش سے حکومتیں بناتی اور گراتی ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پورے ملک کا مسئلہ ہے، سندھ کے عوام کو سولر پینلز کی فراہمی کے 5 سالہ منصوبے پر کام کررہے ہیں، جو لوگ افورڈ کرسکتے ہیں انہیں رعایتی نرخ پر سولر پینلز فراہم کریں گے اور جو نہیں کرسکتے، انہیں مفت دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کمیٹی سطح پر مذاکرات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کے ساتھ گلے شکوے کیے جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے وفاقی بجٹ کے معاملے سمیت پیپلز پارٹی کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد حکومت کو کورم پورا کرنے میں پریشانی کا سامنا تھا۔
تاہم ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بلاول بھٹو سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی تھی اور انہیں منانے میں کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد پی پی کے ارکان بجٹ اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف سے پی پی چیئرمین بلاول نے ملاقات کی تھی جس میں بلاول بھٹو نے انہیں اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو نے شکوہ کیا تھا کہ حکومت کسی فیصلہ سازی میں ہمیں اعتماد میں نہیں لےرہی اور سندھ کےمختلف منصوبوں میں وفاقی حکومت سنجیدگی کامظاہرہ نہیں کررہی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر پی پی چیئرمین نے بجٹ کی منظوری میں تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی۔