(ویب ڈیسک ) :وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے اوور سیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے پاسپورٹس کا اجرا مقررہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کا دورہ کیا اور سینٹرز میں موجود اوورسیزپاکستانیوں سے مسائل پوچھے۔
اس موقع وزیر داخلہ محسن نقوی نے دنیا بھرمیں مقیم پاکستانیوں کوپاسپورٹ اجرا میں تاخیرکا نوٹس لے لیا۔
سینیٹر محسن نقوی نے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے ارجنٹ پاسپورٹ7 روز جبکہ نارمل پاسپورٹ 30 روز میں جاری کرنے کا حکم دیا۔
حکام کے مطابق اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا۔
اس سے پہلے اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ 45 دن بعد مل رہا تھا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، مقرر مدت کے اندر پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر داخلہ نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانےکےلیے اپنی پرسنل اسٹنٹ ایس پی شہربانو کی زیر نگرانی مانیٹرنگ سیل قائم کردیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اوورسیز پاکستانی مقرر مدت میں پاسپورٹ نہ ملنے پر بذریعہ ای میل شکایت کر سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اچھی پر فارمنس پر نادرا سٹاف کو شاباش بھی دی جب کہ وزیر داخلہ نے پاسپورٹ اور نادرا عملےکی کمی کا بھی نوٹس لیا۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ، نادرا سینٹرز کے عملے سے ملاقات کی اور عملے کی کمی پوری کرنے کےلیے مؤثر اسٹاف مینجمنٹ کا حکم دیا۔