واشنگٹن (ویب ڈیسک): مثل مشہور ہے کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، ایسا ہی کچھ امریکا میں دیکھنے میں آیا جہاں ایک نوجوان 400 فٹ بلندی سے نیچے گر کر بھی زندہ بچ گیا۔امریکی ریاست واشنگٹن کی ایک پہاڑی سے یہ نوجوان نیچے گرا تھا اور کرشماتی طور پر محفوظ رہا، بس معمولی زخمی ہوا۔مقامی پولیس کے مطابق یہ نوجوان اولمپک نیشنل فاریسٹ کے قریب ہائی اسٹیل برج سے نیچے گرا تھا۔
اس 19 سالہ نوجوان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور پولیس کے مطابق وہ اس پل پر چلتے ہوئے پھسل کر نیچے جا گرا تھا۔اسے بچانے کے لیے امدادی ٹیم نے 2 گھنٹے تک آپریشن کیا اور دوربین کی مدد سے اسے تلاش کیا۔
اس کے بعد ایک فائر فائٹر رسی کے ذریعے برج سے نیچے کھائی میں اترا اور نوجوان کو اوپر لے آیا۔اتنی بلندی سے گر کر بھی نوجوان کو کوئی نقصان نہیں پہنچااور محض ہاتھوں میں معمولی خراشیں آئیں۔
فائر فائٹرز نے اسے قریبی اسپتال منتقل کیا۔
فائر فائٹرز کے مطابق انہوں نے نوجوان کو اسی طریقہ کار کے مطابق گہرائی سے نکالا جو اس مقام سے لاشوں کو نکالنے کے لیے اپنایا جاتا ہے۔انہوں نے نوجوان کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ برج سے گزرتے ہوئے بہت زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر سال اس برج سے 5 سے 7 افراد نیچے گر جاتے ہیں۔