کراچی (ویب ڈیسک): پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلانے کا معاملہ عمران خان کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، حتمی منظوری پر دونوں جماعتوں کی بااختیار کمیٹی بنائی جائے گی۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق تحریک انصاف کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مولانا سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کی سینیئر قیادت کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
ذرائع تحریک انصاف کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان نے مذاکرات کے لیے بانی چئیرمین کی جانب سے ایشورٹی کا مطالبہ کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم سے نئی تحریک چلانے کا بھی مطالبہ سامنے آیا ہے۔
اجلاس میں مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات پر بانی تحریک انصاف سے مشاورت پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع تحریک انصاف کے مطابق احتجاجی تحریک کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پی ٹی آئی با اختیار کمیٹی قائم کرنے کی بات ہوئی، بتایا گیا کہ مولانا نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی تحریک انصاف سے مشاورت کر کے مکمل بااختیار کمیٹی کے نام دیے جائیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سربراہ جے یو آئی سے آئندہ ہفتے پھر ملاقات کی جائے گی، احتجاجی تحریک کو نئے سرے سے بھی شروع کرنے پر گزشتہ رات اہم گفتگو کی گئی۔