تلنگانہ- انڈیا (شوبز ڈیسک): کنڑ ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ پویترا جےرام کی کار حادثے میں موت کے چند روز بعد ان کے ساتھی اداکار چندراکانت عرف چندو نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق تیلگو اداکار چندراکانت نے ریاست تلنگانہ کے شہر الکاپور میں اپنی رہائش گاہ پر گلے میں پھندے لگا کر خودکشی کی۔
اداکار کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ اداکارہ پویترا کی حادثاتی موت کے بعد سے اُن کا بیٹا ذہنی دباؤ کا شکار تھا، اداکارہ کی اچانک موت نے چندراکانت کو گہرے صدمے میں مبتلا کردیا تھا اور یہی اُن کی خودکشی کا سبب بنا۔
پولیس نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اداکار چندراکانت نے اُسی گھر میں خودکشی کی جہاں وہ اپنی گرل فرینڈ اور ساتھی اداکارہ پویترا جےرام کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکار چندراکانت نے پویترا کی موت سے قبل ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ بہت جلد اپنے رشتے کا اعلان کریں گے۔
اداکار چندراکانت کی خودکشی پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ 12 مئی اتوار کے روز اداکارہ پویترا جےرام اپنی بہن اور چندراکانت کے ہمراہ کرناٹک کے منڈیا ضلع کے ہاناکیرے سے واپسی کا سفر کررہی تھیں کہ اچانک اُن کی کار کو حادثہ پیش آگیا تھا۔
اس حادثے کے نتیجے میں اداکارہ کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی جبکہ اُن کے بوائے فرینڈ، بہن اور ڈرائیور شدید زخمی ہوئے تھے۔