کراچی (شوبز ڈیسک): پاکستان کی پہلی ہاتھ سے تیار کردہ اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ کو اینیسی انٹرنیشنل اینی میشن فلم فیسٹیول 2024 میں مقابلے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ ملکی تاریخ کی پہلی فلم ہے جسے عالمی میلے اینیسی انٹرنیشنل اینی میشن فلم فیسٹیول 2024 میں سرکاری مقابلے کے لیے چنا گیا ہے۔اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ مانو اینی میشن اسٹوڈیوز نے بنائی ہے جب کہ یہ فلم رواں موسم گرما میں جیو فلمز اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پاکستان بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دی گلا س ورکرکے ڈائریکٹر عثمان ریاض نے کہا کہ میں نے یہ سفر 10 سال پہلے 2014 میں شروع کیا تھا، کسی کو یقین نہیں تھا کہ یہ ممکن ہے، ’دی گلاس ورکر‘ پر یقین کرنے کی ٹیم نہ صرف ایک فلم کے طور پر بلکہ اس کی نمائندگی کرتی ہے جو کہ استقامت کی طاقت کی علامت ہے۔
دوسری جانب ’دی گلاس ورکر‘ کے پروڈیوسر خضر ریاض نے کہا کہ فلم فیسٹیول میں ہماری پہلی اینی میٹڈ فیچر فلم کا انتخاب ایک بہت بڑا اعزاز ہے، بین الاقوامی اینی میشن انڈسٹری کی طرف سے تسلیم کیا جانا ایک خواب پورا ہونا ہے۔