ریو – برازیل (ویب ڈیسک): برازیل میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک مردہ شخص بینک میں قرض لینے پہنچ گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ برازیل کی ریاست ریو میں پیش آیا جہاں ایک خاتون وہیل چیئر پر اپنے 68 سالہ بزرگ رشتے دار کو لیے بینک سے قرض لینے پہنچ گئی جو بے جان اور بے حس و حرکت تھا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ خاتون بینک سے 3 ہزار 250 ڈالر کا قرض لینے آئی تھی جس کی ویڈیو بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوئی جو خبروں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کی بھی زینت بنی ہوئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون اپنے مردہ رشتے دار کو بار بار قلم پکڑ کر قرض لینے کیلئے دستخط کا بول رہی ہے، قلم نہ پکڑنے اور آنکھیں بند ہونے پر بینک نمائندے کو تشویش ہوئی جس پر اس نے خاتون سے سوال جواب شروع کیے اور پولیس کو طلب کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بینک پہنچتے ہی خاتون کو گرفتار کیا اور ساتھ ہی مردہ شخص کو سرد خانے منتقل کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ 68 سالہ شخص کا انتقال بینک میں ہوا تھا جس سے خاتون لاعلم تھی جب کہ پولیس کی فارنزک رپورٹ کے مطابق بزرگ شخص کا انتقال کئی گھنٹے قبل ہو چکا تھا۔