کراچی (ویب ڈیسک): بجلی بلوں میں میونسپل چارجز کی وصولی کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کردی گئی۔سندھ ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں میں میونسپل چارجز کی وصولی کے خلاف سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ کیس گزشتہ سال سے زیر التواء ہے، وفاق کے ماتحت ادارہ ضلعی ادارے کے ذریعے ٹیکس وصول نہیں کر سکتا لہٰذا کے ایم سی ٹیکس وصولی کا اپنا طریقہ کار بنائے۔
سماعت میں کے ایم سی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت ابھی بنی ہے ہمیں دلائل کے لیے مہلت درکار ہے، رولز سے متعلق نئی درخواست دائر کی ہے اس کی کاپی نہیں ملی۔
کے ایم سی کے وکیل کے مؤقف پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے نئی درخواست دائر کی ہے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ درخواست کئی ماہ پہلے دائرکی تھی نوٹس ہو چکے ہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد بجلی بلوں میں میونسپل چارجز کی وصولی کےخلاف حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔