اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر نسیم شاہ پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔کرکٹر نسیم شاہ نے گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلے جانے والے میچ کی آخری بال کے بعد غصے میں اسٹمپ کو لات ماری تھی۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں لیول ون قانون کی خلاف ورزی کی ہے، ان پر آرٹیکل 2 کے پوائنٹ 2 کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا جب کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا ہے۔
علاوہ ازیں پی سی بی نے ملتان سلطانز پر بھی سلو اوور ریٹ کی وجہ سے 10 فیصد جرمانہ عائد کیا، ملتان سلطانز نے ایک اوور مقررہ وقت کے بعد کرایا تھا۔