اسلام آباد (ویب ڈیسک): پیپلزپارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے اجلاس راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا۔ایاز صادق کے اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کی گئی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا۔
اسپیکر ایاز صادق نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے نتیجے کا اعلان کیا کہ ٹوٹل 290 ووٹ ڈالے گئے، پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نے قومی اسمبلی کے 197 ارکان کے ووٹ حاصل کیے۔
دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے جنید اکبر نے 92 ووٹ حاصل کیے۔
سید غلام مصطفیٰ شاہ 197 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے اور انہوں نے عہدے کا حلف بھی اٹھالیا۔
ڈپٹی اسپیکر کا حلف اٹھانے کے بعد غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ آصف زرداری، بلاول بھٹو، فریال ٹالپر کا ڈپٹی اسپیکر نامزد کرنے پر شکرگزار ہوں، ن لیگ،ایم کیو ایم، چوہدری شجاعت حسین، دیگر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا بھی ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حصہ لینے پر شکرگزار ہوں۔
اس سے قبل سردار ایاز صادق 199 ووٹ لیکر اسپیکر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک محمد عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 19 ویں قومی اسمبلی کے پہلے سیشن میں 336 رکنی ایوان کے 302 ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔