گوادر (ویب ڈیسک): گوادر میں مسلسل 16 گھنٹے کی بارش نے ہر چیز کو تباہ کرکے کر رکھ دیا جس پر نامزد وزیراعظم شہبازشریف نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو مسلسل 16 گھنٹے کی طوفانی بارش نے گوادر میں تباہی مچادی جہاں 168.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ بارش کے باعث شہر کو بجلی کی فراہمی معطل اور کئی علاقوں موبائل نیٹ ورک بند ہوگئے۔ادھر جیونی کی حالت بھی انتہائی مخدوش ہے جہاں سیلابی صورتحال سے 3 برساتی بند ٹوٹ گئے اور کئی مکانات اور چاردیواریاں گرگئیں۔
نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے بارش سے ہونے والی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین سے ہمدردی ہے، مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) بلوچستان کےکارکنان کو متاثرین کی فوری امداد کرنے کی ہدایت کی جب کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پارٹی کارکنوں کو مصیبت میں پھنسے گوادر کے شہریوں کی مدد کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں، رابطہ سڑکیں زیرآب آنے سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے آج بھی گوادر سمیت بلوچستان کے 14 اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔