میر علی -وزیرستان (ہیلتھ ڈیسک): شمالی وزیرستان میں ڈاکٹر ز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے خاتون کے رحم سے 10 کلوگرام وزنی دو رسولیاں نکال لیں۔شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن میرعلی کے سرکاری ٹائپ سی اسپتال میں ڈاکٹر نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے خاتون مریضہ کی بچہ دانی سے 7 اور 3 کلوگرام وزنی 2 رسولیاں نکالیں۔
سرجن ڈاکٹر حمید اللہ داوڑ کے مطابق پرائیویٹ کلینک میں مریضوں کے چیک اپ کے دوران عمر رسیدہ غریب شخص نے بہو کے پیٹ میں درد کی شکایت کی اور کہا کہ ڈاکٹروں نے انہیں آپریشن کا ایک لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ بتایا ہے اور ان کے پاس اتنی رقم نہیں ہے۔
ڈاکٹر حمیداللہ کے مطابق انہوں نے مریضہ کو میرعلی کے سرکاری اسپتال لانے کا مشورہ دیا جہاں ڈاکٹر حمیداللہ داوڑ نے خاتون کی بچہ دانی سے 10 کلوگرام وزنی 2 رسولیاں اور بچہ دانی کامیاب آپریشن کے ذریعے نکال لیں۔
اسپتال میں ڈاکٹر وحید اللہ وزیر نے بھی 7 کلو گرام وزنی رسولی خاتون مریضہ کے پیٹ سے نکالی۔
سرجن ڈاکٹر حمید اللہ کے مطابق اینستھیزیا ڈاکٹر نور سادے خان، ٹیکنیشن قدیر اللہ اور ٹیکنیکل اسٹاف کی تعاون سے محدو وسائل میں مشکل آپریشن کو کامیاب بنایا جس پر ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ اللہ تعالی کے شکرگزار ہے۔