(ویب ڈیسک ):ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 9 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 9 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے188 رن کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں7 وکٹ پر187رن بنائے۔
قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 62 رن بنا کر نمایاں رہے، جہاں داد خان نے جارحانہ 45 رن کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
جہاں داد خان کی17گیندوں پرمشتمل اننگ میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ سکندر رضا نے 18 اور رسی وین ڈر ڈیوسن نے 15 رن بنائے، شاہین آفریدی نے 12 اور عبداللہ شفیق نے 11 رن اسکورکیے، فخرزمان اور کارلوس براتھ ویٹ نے 6 ، 6 رن بنائے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین اور عقیل حسین نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمدعامر ، محمد وسیم اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندرز کا 188 رن کا ہدف 5 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع نے 60 رن کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، خواجہ نافع کی 31گیندوں پر مشتمل اننگ میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
سعود شکیل نے 40 اور جیسن روئے نے 24 رن بنائے، کپتان رائیلی روسو نے 18، ردرفورڈ نے 14 اور سرفرازاحمد نے 11رن بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں آج کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تاہم لاہور قلندرز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، لورکان ٹکر اور ڈیوڈ ویساکی جگہ کارلوس براتھویٹ اور سکندر رضا ٹیم میں شامل کیےگئے ۔
لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا کو آج کے میچ میں آرام دیا گیا، ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہےکہ ڈیوڈویسا کو ٹانگ میں ہلکی تکلیف کے باعث احتیاطی طور پر آرام دیا گیا ہے۔
خیال رہےکہ ٹورنامنٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے جب کہ لاہور قلندرز کو اپنے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا رہا ہے۔