ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ اسٹار عامر خان کی سابقہ اہلیہ و فلمساز کرن راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ فلم “لال سنگھ چڈھا” کی ناکامی نے اداکار کو ذہنی طور پر شدید متاثر کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلمساز کرن راؤ اس وقت اپنی ہدایت کردہ فلم “لاپتا لیڈیز” کی تشہیر میں مصروف ہیں، اس حوالے سے وہ مختلف بھارتی خبررساں اداروں کو انٹرویوز بھی دے رہی ہیں۔کرن راؤ نے حال ہی میں دیے گئے اپنے انٹرویو میں جہاں اپنی نئی فلم کے حوالے سے بات کی تو وہیں اُنہوں نے اپنے سابق شوہر عامر خان کی فلاپ فلم “لال سنگھ چڈھا” سے متعلق بھی کچھ گفتگو کی۔
اُنہوں نے کہا کہ عامر خان کو اپنی فلم “لال سنگھ چڈھا” کی ریلیز سے قبل اُمید تھی کہ یہ فلم ہٹ ہوگی لیکن جب یہ فلم فلاپ ہوئی تو عامر خان ذہنی طور پر شدید متاثر ہوئے کیونکہ اُنہوں نے فلم کے لیے بہت محنت کی تھی اور ہر فلم کی طرح “لال سنگھ چڈھا” میں بھی اُن کا کردار منفرد تھا۔
کرن راؤ نے سابق شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، وہ ہمیشہ اپنا کام اور کردار بہترین انداز میں کرتے ہیں، منفرد کام کرنا اُن کے خون میں شامل ہے لہٰذا مجھے ایسا لگتا ہے کہ “لال سنگھ چڈھا” کی ناکامی کے بعد عامر خان کو دوبارہ اُبھر کر سامنے آنے کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اس بار کامیاب ہوجائیں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ عامر خان ان چند لوگوں میں سے ایک ہیں جو اپنی غلطیوں اور ناکامیوں سے سیکھتے ہیں، وہ اپنے کام کا جائزہ لیتے ہیں کہ میں کیا غلط کر رہا ہوں اور اب مجھے آگے کیا کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ فلم “لال سنگھ چڈھا” اگست 2022 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں عامر خان کے ہمراہ کرینہ کپور مرکزی کردار میں نظر آئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے فلم کی تیاری پر اپنی زندگی کے چار قیمتی سال لگائے تھے جبکہ فلم میں کرینہ کپور کو شامل ہونے کے لیے آڈیشن دینا پڑا تھا۔