لاہور (ویب ڈیسک): سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اب الیکشن یک طرفہ ہوگیا ہے، ووٹر تحریک انصاف کا ہی نام لیتے ہیں، انہیں روکنا مشکل ہے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کے انتخابی نشانات ووٹر کو یاد ہوگئے ہیں، اس لیے ووٹ کہیں نہیں جائے گا۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ورکرز کنونشن گھر کے اندر تھا اور انہوں نے نہیں بلکہ ان کے داماد اور مہر بانو قریشی نے بلایا تھا، پولیس نے کنونشن سے 70 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
اس سے قبل ملتان میں نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ مسلم لیگ میں تھا اور رہوں گا، چھاپے سے پہلے شاید پی ٹی آئی ورکرز کنونشن میں نہ جاتا لیکن اب جاؤں گا، تحریک انصاف اب اس بات پر آگئی جو میں ہمیشہ کہتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ میرے اور میرے داماد کے گھر چھاپہ مار کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کا کنونشن میرے داماد زاہد بہار نے منعقد کروانا تھا، وہ پی ٹی آئی کا صوبائی اسمبلی کا امیدوار ہے۔