ریاض (ویب ڈیسک): اسکول میں ایک ٹیچر کو جتنی شکایات طالب علموں سے رہتی ہیں اتنی ہی کم و بیش طالب علم بھی ٹیچر سے شکایات رکھتے ہیں، ان شکایات میں ڈرانا دھمکانا، مارنا پیٹنا یا پھر چھٹی بند کردیے جانے جیسی شکایات عام ہیں۔تاہم سعودی اسکول کی طالبہ کی جانب سے ٹیچر کے خلاف عجیب وغریب شکایت درج کی گئی جس نے ٹیچر کو بھی حیران کردیا۔
اردو نیوز کی ایک رپورٹ میں الوطن اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے ایک اسکول میں طالبہ نے اپنے اہل خانہ کو شکایت کی اس نے خواب میں ٹیچر کو خود کو مارتے دیکھا ہے۔
طالب علم کی شکایت پر بچی کے والدین نے وزارت تعلیم کے رابطہ پورٹل پر شکایت درج کروائی جس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی ٹیچر سے پوچھ گچھ کیلئے اسکول پہنچ گئی، بچی کی شکایت سن کر اسکول ٹیچر بھی حیرت زدہ رہ گئیں۔
اور کہاکہ شکایت تخیلاتی ہے جو کچھ ہوا وہ خواب میں ہوا تھا، حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں تاہم حقیقت سامنے آنے پر تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے ٹیچر کیخلاف شکایت کی فائل بند کردی گئی۔