پشاور : خیبرپختونخوا ( کے پی) کے اسپتالوں میں دواؤں کی قلت شدید ہوگئی ہے جسے دور کرنے کیلئے 9 ارب روپے کے فوری فنڈز درکار ہیں۔جاری دستاویز کےمطابق اسپتالوں میں امیونوگلوبولینز، اینٹی ریبیز ویکسین اور ایمرجنسی ادویات کی کمی ہے اور فنڈز نہ ہونےکے باعث ادویات کی خریداری کیلئے تاحال کوئی آرڈر نہیں دیا جا سکا۔
دوسری جانب ڈی جی ہیلتھ نے سیکرٹری ہیلتھ کے پی کو اسپتالوں کی مالی مشکلات سے آگاہ کردیا ہے کہ دواؤں کی خریداری کی مد میں 2.67 ارب روپے کے بقایاجات ہیں، بقایاجات اور اضافی 6 ارب روپے جاری کیے جائیں۔
جاری دستاویز کے مطابق محکمہ خزانہ نے 23 – 2022 میں 99 کروڑ77 لاکھ روپےکا بجٹ دیا تاہم 99 کروڑ77 لاکھ روپےکےبجٹ سے دواؤں کی قلت ختم نہیں ہو سکتی۔
سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا محمود اسلم نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ مالی مشکلات کا شکار ہے، فنڈز کی کمی کا سامنا ہے، دواؤں ،طبی آلات کے لیے خیبرپختونخوا حکومت سے پیسے مانگے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے کہا ہے وفاق سے فنڈز ملتے ہی رقم جاری کر دیں گے۔