کوٹ ادو (ویب ڈیسک): پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی کے سوا تمام سیاستدان خلائی مخلوق سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔کوٹ ادو میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی صرف عوام کی طرف دیکھتی ہے عوام کے ووٹ سے حکومت میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر سیاستدان خلائی مخلوق سے امید رکھ کر بیٹھے ہیں، مجھے سکھایا گیا ہےکہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اس وقت ملک اور عوام مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں، دہشتگردی کا خطرہ ایک بار پھر نظر آ رہا ہے، پاکستان کو معاشی بحران سے محنت اور خلوص نیت سے نکال سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ 10 نکاتی معاشی ایجنڈے پر عملدرآمد سے غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کرسکتے ہیں، باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، امیروں کو ریلیف اور غریبوں کو تکلیف دیتی ہیں، 30 لاکھ گھر اور 300 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ پورا کرکے دکھاؤں گا۔
بلاول کا کہنا تھاکہ ملک کی خواتین کی ایسی خدمت کرنا چاہتا ہوں جیسا بیٹا ماں کی کرتا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو کسان کارڈ کے ذریعے مالی مدد پہنچاوں گا اورکسان کارڈ کے ذریعے قدرتی آفات میں کسانوں کی مالی مدد کی جائے گی، کراچی میں دل کے علاج کا سب سے بڑا اسپتال ہے، گمبٹ میں سو فیصد مفت اور معیاری علاج کا بندوبست کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن میں دو جماعتوں میں مقابلہ ہو رہا ہے، کہتے تھے ہم نے پنجاب میں دودھ اور شہد کی نہریں بہادیں، لاہور میں تو بہت پیسہ خرچ ہوا ہے سمجھا تمام مسئلے حل کرلیے ہوں گے، لاہور کے جس حلقے سےالیکشن لڑ رہا ہوں وہاں صاف پانی ہی نہیں۔