نئی دہلی (شوبز ڈیسک): تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار وجے دیوراکونڈا نے اپنی اور اداکارہ رشمیکا مندانا کی منگنی کی خبروں کی تردید کردی۔گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا رواں سال فروری کے دوسرے ہفتے میں منگنی کریں گے اور کہا گیا تھا کہ یہ جوڑی بہت جلد اپنی منگنی کا اعلان کرے گی۔اب حال ہی میں وجے دیوراکونڈا نے بھارتی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے رشمیکا مندانا سے منگنی کی خبروں کی تردید کی۔
وجے دیوراکونڈا نے تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ “میں فروری میں منگنی یا شادی نہیں کر رہا ہوں لیکن مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میڈیا کو میری شادی کروانے کا بہت شوق ہے”۔
اداکار نے مزید کہا کہ “میں ہر سال اپنی شادی سے متعلق افواہیں سُنتا ہوں، میڈیا مجھے پکڑ کر میری شادی کروانے کے چکر میں ہے”۔
واضح رہے کہ وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا نے سال 2018 کی فلم ‘گیتا گووندم’ اور سال 2019 کی فلم ‘ڈیئر کامریڈ’ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
ان فلموں میں ان دونوں کی جوڑی کو بےحد پسند کیا گیا تھا، مداحوں کا کہنا تھا کہ وہ اصل زندگی میں بھی وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کو میاں بیوی کے رشتے میں دیکھنا چاہتے ہیں۔