تہران (ویب ڈیسک): ایران نے خلیج عمان میں امریکی تیل بردار جہاز کو تحویل میں لےلیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی بحریہ نے جمعرات کو بحیرہ عرب میں امریکی آئل ٹینکر سینٹ نکولس کو قبضے میں لینے کی تصدیق کی ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رسساں ایجنسی تسنیم کا کہنا ہےکہ تہران نے عدالتی حکم کے مطابق خلیج عمان میں خام تیل سے لدے آئل ٹینکر کو قبضے میں لےلیا۔
دوسری جانب یونانی کمپنی “ایمپائر نیوی گیشن” نے اطلاع دی ہے کہ اس کے “ہائی جیک” کیے گئے ٹینکر سینٹ نکولس کو ترکیہ کی “ٹوپراس” کمپنی نے چارٹر کیا تھا۔
یونانی کمپنی کے مطابق ٹینکر پر تقریباً 145 ہزار میٹرک ٹن خام تیل تھا جو عراقی بندرگاہ بصرہ سے براستہ نہر سوئز ترکیہ روانہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل دو برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسیوں یو کے ایم ٹی او اور ای ایم بی آر آئی نے جمعرات کو اطلاع دی تھی کہ مسلح افراد خلیج عمان میں ایک بحری جہاز پر سوار ہوئے جس کے بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔