غزہ (ویب ڈیسک): اسرائیل کی غزہ پر جارحیت جاری ہے جہاں ایک گھر پر تازہ حملے میں 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ایک گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے علاقوں میں بھی چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس کے علاوہ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج کے ایک اورحملے میں فلسطینی شہری کی اہلیہ اور 2 بچے شہید ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے میں فائرنگ کی جس میں 2 فلسطینی زخمی ہوگئے جب کہ فورسز نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے پر متعدد کارروائیاں کی ہیں جن میں 3800 فلسطینی زخمی ہوئے اور 325 شہید ہوچکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 22600 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 9600 بچے بھی شامل ہیں۔