کراچی (ویب ڈیسک): گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا کے صاحبزادے بیرسٹر حسنین مرزا نے کہا ہے کہ بڑی بدقسمتی ہے کہ ہمارے مخالفین بزدل لوگ ہیں۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی اپیل دائر کرنے کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر حسنین مرزا کا کہنا تھا کہ عدالت میں مقابلہ کرنے کے بجائے الزام تراشی کروا کے مخالفین الیکشن سے آوٹ کرنا چاہتے ہیں، جو الزامات ڈاکٹر فہمیدہ مرزا پر لگائے گئے ہیں انہیں سندھ ہائی کورٹ پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسر (آر او) کو پہلے وضاحت دینی چاہیے تھی کہ کاغذات نامزدگی کیوں مسترد کیے؟ این اے 238 سے ڈاکٹر فہمیدہ مرز ا اور پی ایس 17 سے میرے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے، پی ایس 71 سے میرے کاغذات نامزدگی منظورکر کے این اے 222 کے آر او نے مجھے نا اہل قرار دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کی بھی 4 حلقوں سے متعلق اپیلیں فائل کردی ہیں، یکم جنوری کو اگر عام تعطیل تھی تو اس کا نوٹیفکیشن دکھایا جائے، عام تعطیل والے دن اسٹاک ایکسچینج مں کاروبار کیسے ہوا؟