میلبرون (اسپورٹس ڈیسک): آسٹریلیا کے خلاف میلبرون ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ایک ہی انداز میں آؤٹ ہونے پر پاکستانی بیٹر بابر اعظم کی بیٹنگ تکنیک پر سوالات اٹھ گئے۔بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف میلبرون ٹیسٹ میں 79 رنز سے شکست ہوگئی۔
میلبرون ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور کینگروز نے میچ جیتنے کے ساتھ سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔
اس ٹیسٹ میں جہاں پاکستان کی بولنگ شاندار رہی وہیں بیٹنگ لائن نے ایک بار پھر مایوس کیا۔
بابر اعظم میلبرون ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ایک ہی انداز میں بولڈ ہوئے۔پہلی اننگز میں پیٹ کمنز اور دوسری اننگز میں جو ش ہیزل ووڈ نے بابرکے بیٹ اور پیڈ کے درمیان بننے والے گیپ کا فائدہ اٹھایا اور شاندار بولڈ کیا۔
بابر نے پہلی اننگز میں ایک اور دوسری اننگز میں 41 رنز بنائے۔
ایک ہی طرح آؤٹ ہونے پر بابر کی بیٹنگ تکنیک پر سوالات اٹھ گئے ہیں اور انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔
بابر اعظم ماضی میں بھی اسی انداز میں بولڈ ہوتے رہے ہیں ۔وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیاکے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے کھیلا جائے گا۔