اندور- بھارت (ویب ڈیسک): بھارت میں ایک دکاندار نے کتے کے بھوکنے پر اس کی مالکن کی جان لے لی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے علاقے مساکھیڑی میں پیش آیا، گزشتہ رات ایک شخص اپنی دکان بند کرکے گھر جا رہا تھا کہ خاتون کے پالتو کتے نے اس پر بھوکنا شروع کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کتا مسلسل بھوکتا رہا جس کی وجہ سے اس شخص کو سڑک پار کرنے میں دشواری کا سامنا تھا جس کے بعد آدمی نے کتے کے بھوکنے پر شور مچانا شروع کر دیا اور اسی دوران کتے کی مالکن گھر سے باہر آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مالکن کے باہر آنے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بات اس قدر بڑھ گئی کے غصے کے مارے شخص نے خاتون کے پیٹ میں زور سے لات دے ماری جس سے خاتون موقع پر ہی گر کر بے ہوش ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قریب موجود لوگوں نے خاتون کو اٹھا کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹرز نے خاتون کو مردہ قرار دے دیا۔
بعدازاں اس معاملے کو پولیس تک لے جایا گیا جہاں پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کیخلاف کارروائی کی اور اسے گرفتار کر لیا۔