اسلام آباد (ویب ڈیسک): نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
اصغر خان اکیڈمی میں پاک فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے جو تمام ممالک بالخصوص ہمسایوں سے دوستانہ تعلقات کا خواہش مند ہے لیکن اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
نگران وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شریک نہیں مگر کسی بھی ممکنہ جارحیت سے نمٹنے کیلئے جنگی تیاریاں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرتا رہے گا۔
اصغر خان اکیڈمی میں پاک فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے اختتام پر نگران وزیراعظم نے فلائی پاسٹ کا بھی معائنہ کیا۔