(ویب ڈیسک ): کیلیفورنیا: انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین کی پرائیویسی پر ایک اور جہت کا اضافہ کرنے کے لیے نیا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے۔ یہ فیچر دوران واٹس ایپ کال صارفین کے آئی پی ایڈریس کی حفاظت کرتے ہوئے ان کی لوکیشن کو افشا ہونے سے روکے گا۔
اس فیچر کے تحت صارفین کی تمام کالز کا براہ راست رابطہ قائم ہونے کے بجائے واٹس ایپ کے سرور سے گزر کر رابطہ قائم ہوا کرے گا۔ جس کا مطلب ہے کہ صارف کی آئی پی اس شخص پر ظاہر نہیں ہوگی جس کو کال ملائی جارہی ہوگی۔
گروپ کالز واٹس ایپ کی طے شدہ سیٹنگز کے تحت پہلے ہی سرور سے ہو کر گزرتی ہیں اس لیے صارفین کو انفرادی کال کے دوران آئی پی چھپانے کے لیے سیٹنگ میں جاکر یہ آپشن آن کرنا پڑے گا۔
صارفین سیٹنگز میں پرائیویسی میں جا کر ایڈوانسڈ آپشن میں جاکر پروٹیکٹ آئی پی ایڈریس اِن کالز کے آپشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپشن کو آف کرنے کے لیے بھی یہی طریقہ کار استعمال کرنا ہوگا۔
دوسری جانب واٹس ایپ کی جانب سے مزید یہ بتایا گیا کہ نئے فیچر کو آن کرنے کے بعد کال کا معیار متاثر ہوگا۔ کال کے واٹس ایپ سرور سے گزرنے کی وجہ سے معیار میں کمی واقع ہوگی۔ لیکن کی جانے والی تمام کالز اینڈ ٹو اینڈ انکریپٹڈ ہوں گی لہٰذا ان کو کوئی نہیں سن سکے گا۔