ممبئی (شوبز ڈیسک): تامل فلموں کی خوبرو اداکارہ رشمیکا مندانا کے بعد اب بالی ووڈ کوئین کترینہ کیف کی نامناسب ڈیپ فیک (جعلی) تصویر وائرل ہوگئی ہے۔رشمیکا مندانا کی ایک نامناسب جعلی ویڈیو نے بھارتی فلم انڈسٹری کو چونکا دیا جبکہ اداکارہ خود اپنی جعلی ویڈیو کی وجہ سے کافی خوفزدہ ہوگئی ہیں، بھارت میں ابھی رشمیکا کی جعلی ویڈیو پر تشویش کا ہی اظہار کیا جارہا تھا کہ اسی دوران بالی ووڈ اسٹار کترینہ کیف کی بھی نامناسب جعلی تصویر منظرِ عام پر آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی نئی آنے والی فلم ‘ٹائیگر 3′ کے ایک سین سے کترینہ کیف کی تصویر کو ڈیپ فیک (جعلی) تصویر میں تبدیل کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا ہے۔
اصل تصویر میں بالی ووڈ اسٹار فلم ‘ٹائیگر 3′ کے ایک سین میں ہالی ووڈ کی اسٹنٹ وومین سے لڑرہی تھیں، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل جعلی تصویر میں کترینہ کیف کے لباس کو تبدیل کرتے ہوئے نامناسب انداز میں دکھایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کترینہ کیف کی تصویر کو AI ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے تبدیل کیا گیا ہے، جو ویڈیوز اور تصاویر میں کسی بھی انسان کے چہروں کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک غیراخلاقی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک خاتون نازیبا لباس میں ملبوس لِفٹ میں داخل ہورہی تھیں، ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا چہرہ ایڈیٹنگ کرکے فلم “پشپا” کی معروف اداکارہ رشمیکا مندانا کے چہرے سے بدل دیا گیا تھا۔
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، کئی سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی تھی کہ یہ ویڈیو جعلی ہے، صارفین نے نشاندہی کی تھی کہ اصل ویڈیو میں خاتون زارا پٹیل تھیں، جوکہ ایک بھارتی نژاد برطانوی خاتون ہیں اور سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہیں۔
دوسری جانب رشمیکا مندانا نے جعلی ویڈیو کو ’ انتہائی خوف زدہ ‘ کرنے والا عمل قرار دیا تھا۔
امیتابھ بچن سمیت دیگر بالی ووڈ اسٹارز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے رشمیکا مندانا کی جعلی ویڈیو بنانے والوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔