کوئٹہ میں کانگو وائرس کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 5 ڈاکٹرز ہیں، انتہائی نگہداشت یونٹ میں نامعلوم جراثیم کی وبا پھیل گئی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے دارالحکومت کے ایک سرکاری اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں نامعلوم جراثیم کی وبا پھیل گئی ہے۔
بلوچستان کے محکمہ صحت انٹیگریٹڈ ہیلتھ مانیٹرنگ اینڈ ایمرجنسی رسپانس یونٹ کے ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے سولہ سینڈمین ہسپتال کے آئی سی یو میں جراثیم پھیلنے سے طبی عملے کے سولہ ارکان متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ افراد کو علیحدہ وارڈ میں منتقل کرنے کے بعد ان کا علاج کیا جارہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پیتھوجین کی علامات میں اچانک جسم میں شدید درد کا آغاز شامل ہے، سختی اور سردی کے ساتھ تیز بخار بھی اس کی علامات میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سانس کی ہلکی علامات، پلیٹ لیٹس کی تعداد میں کمی اور لمفوپینیا بھی اس کی علامات میں شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق پیتھوجین انتہائی متعدی ہے اور ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں صورتحال پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہیں اور پیتھوجینز کی شناخت کے لیے لیبارٹریز میں نمونوں کی جانچ کی جا رہی ہے، روک تھام اور جانچ کے لئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔