سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار کو مسلم لیگ (ن) کے الیکشن سیل کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔
شہباز شریف کی منظوری کے بعد اسحاق ڈار کی بطور چیئرمین الیکشن سیل تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
یہ نوٹیفکیشن پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو الیکشن سیل کا سربراہ مقرر کرنے سے کارکردگی میں تیزی آئے گی اور تمام متعلقہ معاملات جلد مکمل ہوں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار الیکشن ایکٹ 2017 کا مسودہ تیار کرنے والی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ بھی تھے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ جمعرات یعنی 8 فروری کو دی ہے۔