اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اسد قیصر کو جیل بھیجنے کا حکم دیا جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔
اس سے قبل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبر پختونخوا کی ٹیم نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کو غبن کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔
مجسٹریٹ قدرت اللہ نے محکمہ انسداد بدعنوانی خیبر پختونخوا کو ایک ہفتے کے اندر قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی۔
جمعہ کے روز قیصر کو گجو خان میڈیکل کالج صوابی میں کرپشن اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے سلسلے میں مزید تفتیش کے لئے بنی گالہ تھانے منتقل کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے قیصر اور علی محمد خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی اور ان کی ساس کے انتقال پر تعزیت کی تھی جبکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔