اسلام آباد پولیس نے ملک چھوڑنے والے افغان پناہ گزینوں کو سامان واپس نہ کرنے پر تین اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹر جنرل ناصر اکبر خان نے پناہ گزینوں کو ان کا سامان نہ دیے جانے کی شکایات کا نوٹس لیا ہے۔
جس کے نتیجے میں ایس ایس پی آپریشنز نے شالیمار پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او، ایڈمن آفیسر اور اے ایس آئی کو معطل کردیا۔
اسلام آباد کیپٹل سٹی پولیس افسر نے افسران کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
یکم نومبر کی رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن ختم ہوتے ہی حکام نے پناہ گزینوں کو گرفتار کرنا اور انہیں کیمپوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا۔
پناہ گزینوں کو اس وقت تک کیمپوں میں رکھا جاتا ہے جب تک کہ انہیں جلاوطن نہیں کیا جاتا۔