وزارت خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی رپورٹ میں کہا ہے کہ اکتوبر میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 27 سے 29 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے لیکن آئندہ مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں اس پر بہتر قابو پایا جائے گا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اکتوبر میں اشیاء اور خدمات کی برآمدات تقریبا 3 ارب ڈالر رہیں گی، جیسا کہ ستمبر میں دیکھا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تاہم درآمدات ماہانہ بنیادوں پر کچھ اتار چڑھاؤ دکھا رہی ہیں اور توقع ہے کہ اکتوبر میں یہ 4 ارب ڈالر سے 4.5 ارب ڈالر تک رہے گی کیونکہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ مہنگائی میں ماہانہ بنیادوں پر کمی آئی ہے، جو کم از کم 2.4 فیصد سے زیادہ کی کمی کو ظاہر کرتی ہے، جب یہ ستمبر میں 31.4 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔
اس سے قبل ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں 2 فیصد اضافہ ہوا تھا جبکہ اگست میں اس میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
پیر کو مرکزی بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بھی 307.10 روپے کی تاریخی کم ترین سطح سے بحال ہوگیا ہے۔
یہ فیصلہ جمعرات کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایک وفد کے دورے سے قبل سامنے آیا ہے جو اس سال جولائی میں منظور کردہ 3 ارب ڈالر کے پروگرام میں طے کردہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لے گا۔