الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عبوری وفاقی کابینہ کے دو ارکان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے احد چیمہ اور فواد حسن فواد کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔
درخواست گزار عزیز الدین کاکاخیل نے موقف اختیار کیا کہ چیمہ کو سیاسی بنیادوں پر وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس چیمہ کے سیاسی روابط کا کوئی ثبوت ہے جس پر درخواست گزار نے جواب دیا کہ خود وزیراعظم کی بھی سیاسی وابستگیاں ہیں۔
راجہ نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اگر وزراء کسی سیاسی جماعت کا ساتھ دیتے ہوئے دکھائے گئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ فواد اور چیمہ دونوں سابق سرکاری ملازم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری ملازمین کی سیاسی وابستگیاں نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشیروں کو پیشہ ور ماہرین کے طور پر مقرر کیا جاتا ہے اور تبادلوں اور تعیناتیوں پر ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہوتا ہے۔
اس کے بعد ای سی پی نے فیصلہ محفوظ کرلیا جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔