قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ذاتی واٹس ایپ پیغام لیک ہونے کا معاملہ گزشتہ روز سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے۔
دو روز قبل قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے ایک شو میں دعویٰ کیا تھا کہ بابر اعظم چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف، سی ای او سلمان نصیر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو پیغامات بھیج رہے ہیں لیکن بورڈ کے تینوں ارکان انہیں نظر انداز کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے راشد لطیف کے بیان کی تردید کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا تھا۔
ذکا اشرف نے کہا کہ بابر اعظم نے کبھی ان سے براہ راست رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کی، راشد لطیف نے کہا کہ میں بابر اعظم کا فون نہیں اٹھا رہا بلکہ ٹیم کے کپتان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ یا سی ای او کی جانب سے رابطہ کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سی ای او سلمان نصیر کے درمیان واٹس ایپ گفتگو کا اسکرین شاٹ بھی دکھایا جو انٹرویو کے دوران ٹی وی پر نشر ہوا۔
ایک واٹس ایپ پیغام میں سلمان نصیر نے بابر اعظم سے پوچھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ آپ نے ذکا اشرف کو فون کیا لیکن وہ آپ کا فون نہیں اٹھا رہے تو کیا آپ نے حال ہی میں انہیں فون کیا ہے؟
سلمان نصیر کے پیغام کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ سلمان بھائی میں نے سر یعنی ذکا اشرف کو کوئی کال نہیں کی۔
ایک ٹی وی پروگرام کے دوران بابر اعظم کا ذاتی پیغام شیئر کرنے پر سابق کپتان اظہر علی اور دیگر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے چیئرمین پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر یہ سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا ذکا اشرف نے بابر اعظم کا ذاتی پیغام لیک کرنے سے قبل ٹیم کے کپتان سے اجازت لی تھی یا نہیں۔
بعد ازاں بابر اعظم اور سلمان نصیر کی چیٹ لیک کرنے والے نجی ٹی وی پروگرام کے میزبان نے سوشل میڈیا پر اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے واٹس ایپ کا اسکرین شاٹ ذکا اشرف کی اجازت سے ٹی وی پر نشر کیا تھا۔
My humble thoughts on Babar Azam – Zaka Ashraf issue 🙏🙏🙏 pic.twitter.com/g7RwamSP54
— Waseem Badami (@WaseemBadami) October 29, 2023