پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے ایندھن کی فراہمی بحال کرنے کے معاہدے کے باوجود پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں کو اتوار کے روز بھی تاخیر اور منسوخی کا سامنا رہا۔
اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو 50 سے زیادہ پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا جس میں گھریلو اور بین الاقوامی دونوں پروازیں شامل ہیں۔
تاہم ایک مثبت پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب شمالی علاقوں میں درجنوں سیاحوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد اسلام آباد اور گلگت کے درمیان پروازیں بحال کردی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق وزیر سیاحت واسی شاہ کی جانب سے معاملے کا نوٹس لیے جانے کے بعد گلگت کے لیے پروازوں کی بحالی عمل میں آئی ہے۔
ہفتے کے روز یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان بحران کے حل کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرلائن نے پہلے ہی خریدے گئے تیل کی مد میں ایک ہفتے کے اندر ایک ارب 35 کروڑ روپے ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
یہ بحران اس وقت شروع ہوا جب پی آئی اے نے ستمبر اور اکتوبر کی ادائیگیاں نہیں کیں اور 15 ارب روپے کی کریڈٹ سہولت استعمال کی، ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے سیکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔