اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ 30 اکتوبر کو لاہور کا دورہ کریں گے جس میں عام انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب کی بیوروکریسی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سکندر سلطان راجہ کو بریفنگ دیں گے۔
اجلاس کے دوران متعدد اہم محکموں کی بریفنگ بھی طے کی گئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آئندہ عام انتخابات ملتوی کرنے کے کسی بھی امکان کو مسترد کردیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں اٹھائے گئے قیاس آرائیوں اور خدشات کے درمیان الیکشن کمیشن نے ایک بیان جاری کیا جس میں انتخابی عمل کے لیے اپنی تیاری اور عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اعلیٰ انتخابی ادارے کے ترجمان نے اعلان کیا کہ عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان کے مطابق حلقوں کی حتمی فہرست 30 نومبر 2023 کو شائع کی جائے گی۔
یہ اعلان حلقہ بندیوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کیا گیا ہے اور دوسرا مرحلہ، جس میں اعتراضات داخل کرنا شامل ہے، 27 اکتوبر، 2023 کو ختم ہونے والا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ابتدائی حلقوں پر اعتراضات کی سماعت 30 یا 31 اکتوبر سے شروع کرے گا، جس میں طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق انتخابات کرانے کے عزم پر زور دیا جائے گا۔