اداکار و گلوکار اذان سمیع نے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی وجہ سے فلسطین میں مصائب سے اظہار یکجہتی کے طور پر اپنے انتہائی متوقع البم اذان کی ریلیز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ البم پہلے 30 اکتوبر کو ریلیز ہونا تھا لیکن اب اسے 12 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
اذان نے یہ اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ان کا ماننا ہے کہ یہ جشن منانے کا وقت نہیں بلکہ محاصرے میں فلسطینیوں کو درپیش وحشیانہ حالات کو تسلیم کرنے کا لمحہ ہے۔
اپنے گانے ‘ایک لمہا’ سے شہرت پانے والے اذان نے عالمی صورتحال اور مسلم دنیا پر حملوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب پر حملہ ہے۔
وہ فلسطینیوں کو امن اور خودمختاری لانے کے لئے عالمی مداخلت کی امید کرتے ہیں اور مصیبت زدہ لوگوں کے لئے طاقت اور صبر کی دعا کرتے ہیں۔
اذان نے حال ہی میں لندن کے مشہور ایبی روڈ اسٹوڈیوز میں اپنے ایک غیر ریلیز شدہ سنگل “نادان دل” کے لئے ایک یوٹیوب ویڈیو جاری کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔
آخری لمحات کا یہ فیصلہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت سے متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔
اپنے اختتامی کلمات میں اذان نے فلسطین، کشمیر، عالمی مسلم برادری اور اس طرح کے واقعات سے متاثر ہونے والی تمام معصوم زندگیوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
وہ ایک بہتر دنیا کی امید رکھتے ہیں جہاں آنے والی نسلیں ماضی کی غلطیوں کے نتائج برداشت نہیں کریں گی۔