چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ججز کے خلاف شکایات پر غور کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا۔
سپریم جوڈیشل کونسل میں سپریم کورٹ کے دو سینئر ترین ججز جسٹس طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن کے علاوہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم افغان بھی شامل ہیں۔
سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا جس میں ججوں کے خلاف شکایات پر غور کیا جائے گا۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ دو درجن سے زیادہ شکایات زیر التوا ہیں۔
زیر التوا شکایات میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف شکایات بھی شامل ہیں، ان ججوں کے خلاف متعدد شکایات درج کی گئیں جو اب ملازمت سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔
رواں سال کے اوائل میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھ کر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔ تاہم جسٹس بندیال نے اجلاس نہیں بلایا۔
سپریم جوڈیشل کونسل واحد فورم ہے جو ججوں کے خلاف شکایات سن سکتا ہے اور انہیں ہٹانے کی سفارش کرسکتا ہے، تاہم عدالت کی تاریخ میں کونسل کے ذریعے کسی جج کو نہیں ہٹایا گیا۔