چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز عاقب جاوید، محمد یوسف اور انضمام الحق (چیف سلیکٹر) سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کی تیاری کے عمل میں مشاورت حاصل کی۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی مستقبل قریب میں دیگر سابق کھلاڑیوں سے بھی بات چیت کرنے پر غور کر رہی ہے جن میں عمر گل، وقار یونس، وسیم اکرم اور ثقلین مشتاق شامل ہیں تاکہ موجودہ کھلاڑیوں کی ترقی کے عمل پر ان کی رائے لی جا سکے۔
ذکا اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ بورڈ سابق کھلاڑیوں کی مہارت کو بروئے کار لانے پر توجہ دے رہا ہے جنہوں نے مختلف حیثیتوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو ماہر بلے بازوں، اسپنرز اور فاسٹ بولرز کے طور پر تیار کرنے میں مدد مل سکے۔
مستقبل میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی ڈومیسٹک سرکٹ کے ٹاپ ٹیلنٹ پر مشتمل خصوصی کیمپ لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس کیمپ کا بنیادی مقصد ان کھلاڑیوں کی پرورش کرنا اور انہیں بین الاقوامی سطح کے لئے تیار کرنا ہے، تاکہ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ کے درمیان فرق کو کم کیا جاسکے۔
ذکا اشرف نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے اعلیٰ ترین سطح پر پاکستان کی خدمت کی ہے اور ان کے پاس تجربے کا خزانہ ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ان کی مہارت کو اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کے لئے استعمال کریں گے کہ ہمارے کھلاڑی کھیل کے تمام پہلوؤں میں اچھی طرح سے تیار ہیں۔
اس طرح ہم امید کرتے ہیں کہ ہم کھیل کے تمام شعبوں میں ایسے کھلاڑی پیدا کر سکیں گے جو مستقبل میں پاکستان کی خدمت کر سکیں۔