پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف چار سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد آج وطن واپس پہنچ یں گے۔
نواز شریف وطن واپسی کے لیے دبئی ایئرپورٹ پہنچ گئے ہیں جہاں سے ان کا طیارہ دبئی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔ خصوصی طیارہ دوپہر ڈیڑھ بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے گا۔
طیارے کو دبئی ایئرپورٹ سے صبح 9 بجکر 25 منٹ پر اسلام آباد کے لیے اڑان بھرنی تھی لیکن طیارہ ایک گھنٹہ 22 منٹ تاخیر کا شکار ہوا۔
دبئی سے چارٹرڈ طیارہ دوپہر ساڑھے 12 بجے اسلام آباد پہنچے گا جس کے بعد نواز شریف دوپہر ڈیڑھ بجے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔
بعد ازاں نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے مینار پاکستان پہنچیں گے۔
نواز شریف کی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی ہے، کارکن مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی وطن واپسی پر پرجوش ہیں اور مختلف شہروں سے زائرین کے قافلے مینار پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
لاہور میں شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے نواز شریف کی آمد سے قبل تیاریوں کے لیے جمعے کو مصروف دن گزارا۔
تینوں نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مینار پاکستان کا دورہ بھی کیا۔
بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان سے آنے والے پارٹی کارکنوں کے قافلے لاہور کے لیے روانہ ہوگئے اور خیبر پختونخوا اور پنجاب سے آنے والے آج صبح روانہ ہوں گے۔
لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں مینار پاکستان پر 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ اونچا اسٹیج قائم کیا گیا ہے۔ نواز شریف کے لیے اسٹیج پر بلٹ پروف کیبن بھی نصب کیا گیا ہے۔
منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ میں 40 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں اور ریلی کے آغاز تک یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔